سیلاب سے متاثرہ فرد حکومتی امداد سے محروم نہ رہ جائے : وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف

جھنگ( سی این این نیوز) وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں ریسکیو اور ریلیف آپریشن کے بعد اب متاثرین سیلاب کی بحالی اور ان کی مالی مدد کا سلسلہ آئندہ چند روز میں شروع کر دیا جائیگا جس کی وہ براہ راست نگرانی کریں گے تاکہ کوئی سیلاب سے متاثرہ فرد حکومتی امداد سے محروم نہ رہ جائے۔وزیر اعلیٰ نے کہا کہ اگرکوئی سیلاب سے متاثرہ شخص بھوکا اور ریلیف کے سامان سے محروم رہ گیا تو اللہ کے سامنے میں جواب دہ ہوں گا لہٰذا اس ضمن میں کسی قسم کی سستی ،لاپرواہی اور نااہلی ہر گز برداشت نہیں کی جائیگی۔یہ بات انہوں نے گزشتہ روز سیلاب سے متاثرہ علاقہ بھوچرہ کے فلڈ ریلیف کیمپ میں دی گئی بریفنگ کے موقع پر کہی۔اس موقع پر صوبائی وزیر زکوٰۃ و عشر ملک ندیم کامران ،ایڈیشنل چیف سیکرٹری عامر سہیل،ممبران قومی و صوبائی اسمبلی،ڈی سی او راجہ خرم شہزاد اور دیگر متعلقہ حکا م بھی موجود تھے۔ایڈیشنل چیف سیکرٹری پنجاب عامر سہیل نے وزیر اعلیٰ کو بریفنگ کے دوران بتایا کہ ضلع جھنگ انتہائی شدید سیلابی صورتحال کا شکار رہا تاہم مختلف اداروں کے باہمی رابطوں کے باعث متاثرین سیلاب کو ریسکیو کرنے اور انہیں فوری خوراک اور ریلیف کا سامان پہنچانے کیلئے تمام دستیاب وسائل برؤے کار لائے گئے۔انہوں نے مزید بتایا کہ دریائے چناب اور دریائے جہلم کے سنگم پر واقع سیلابی متاثرہ علاقوں میں ریلیف کا سامان پہنچانے میں مشکلات کا سامنا رہا مگرہیلی کاپٹرز، موٹر بوٹس اور دیگر ذرائع سے متاثرین سیلاب کو خوراک اور دیگر سامان پہنچایا گیا اور یہ سلسلہ جار ی ہے۔ایڈیشنل چیف سیکرٹری نے اس موقع پر بتایا کہ سیلاب سے متاثر ہ علاقوں میں واقع سکولوں کی عمارتیں متاثر ہوئیں تاہم بیشترتعلیمی اداروں میں درس و تدریس کا سلسلہ شروع کر دیا گیاہے۔وزیر اعلیٰ محمد شہباز شریف نے سیلاب متاثرین کیلئے پاک آرمی ،نیوی،ریسکیو1122اور ضلعی انتظامیہ کی کاوشوں کی تعریف کی اور کہا کہ دکھی انسانیت کی خدمت کے اس نیک کام کو بھرپور جذبہ اور محنت سے سرانجام دیں جس سے انہیں اللہ کی خوشنودی بھی حاصل ہوگی۔ بعد ازاں وزیر اعلیٰ نے سیلاب متاثرین کے ایک اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مصیبت کی اس گھڑی میں جتنی تکلیف انہوں نے برداشت کی ہے اس کاانہیں بھرپور احساس ہے اور یہی وجہ ہے کہ وہ اپنی ٹیم کے ہمراہ چوبیس گھنٹے سیلاب متاثرین کی خدمت کیلئے کام کر رہے ہیں۔ انہوں نے متاثرین سیلاب کو یقین دلایا کہ حکومت ان کو کبھی بھی اکیلا نہیں چھوڑے گی اور ان کے نقصانات کا ازالہ بھی کیا جائیگا اور وہ مالی مدد کا کام ذاتی نگرانی میں مکمل کروائیں گے۔وزیر اعلیٰ شہباز شریف نے کہا کہ دھرنے والوں کی لندن خفیہ میٹنگ کا پول عوام کے سامنے کھل چکا ہے لہٰذا وہ اپنے غیر جمہوری منفی طرز عمل کو ترک کرکے سیلاب متاثرین کی مدد کیلئے حکومت کا ساتھ دیں۔انہوں نے کہا کہ عمران خان اور طاہر القادری کے دھرنوں کے باعث نہ صرف چین کے صدر کا دورہ ملتوی ہوا بلکہ ان کے باعث ملکی معیشت کو بھی شدید نقصان پہنچا ہے جس کا عوام کو اب احساس ہو چکا ہے۔بعد ازاں وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف جھنگ کے دیگرسیلاب سے متاثرہ علاقوں کوٹ شاکر اور احمد پور سیال پہنچے جہاں انہوں نے انتظامیہ کے حکام اور متاثرین سیلاب سے ریلیف کاروائیوں اور انکے مسائل بارے معلومات حاصل کیں۔انہوں نے حکام کو ہدایت دی کہ سیلاب متاثرہ علاقوں میں آخری فرد کی مدد اور بحالی تک ریلیف کی کاروائیاں جاری رکھی جائیں ۔

0 comments:

Post a Comment

  • description
  • ...Copy dari
  • sampai
  • dan tempel disini...
  • description

Video Gallery

Video Gallery
.